بارشوں کا سلسلہ 22 اگست تک جاری،مزید شدت کا امکان، پونچھ اور باغ خطرے سے دوچار،این ڈی ایم اے حکام

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی سطح پر ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

ٹیکنیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر طیب شاہ کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ 22 اگست تک جاری رہے گا جس میں مزید شدت متوقع ہے، جبکہ اس کے بعد مون سون کا ایک اور سلسلہ پاکستان کو متاثر کرے گا۔

آزاد جموں و کشمیر کے نیلم، پونچھ اور باغ کے اضلاع میں بھی سیلابی خطرات بڑھ گئے ہیں، اسی طرح خیبر پختونخوا کے پشاور، چترال، دیر اور چارسدہ سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

بریگیڈیئر کامران، ممبر آپریشنز این ڈی ایم اے نے بتایا کہ فروری 2025 سے مون سون کے پیش نظر تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا تھا اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر نقصانات سے بچاؤ کے اقدامات کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال سے ایک نیا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے، اسی طرح افغانستان کے ننگرہار اور قندھار ریجن سے بھی بارشوں کے نئے سلسلے ملک کے شمالی علاقوں اور پنجاب کو متاثر کر سکتے ہیں۔

جنرل منیجر این ڈی ایم اے زارا حسن نے بریفنگ میں بتایا کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔

ان کے مطابق تربیلا ڈیم اس وقت 98 فیصد بھر چکا ہے اور آنے والے دنوں میں پانی کے ذخائر میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹاریاں اور گوالمنڈی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہو چکی ہے، جبکہ کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں نیا بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرحکومت سردار فہیم اختر ربانی کے سکیورٹی گارڈز اور شہریوں کے درمیان تصادم ،فائرنگ، تشدد سے شہری زخمی

Scroll to Top