اسلام آباد میں آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی،کشمیرمیں بھی سیلاب کے خطرات

(کشمیر ڈیجیٹل) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر مارگلہ ہلز کے تمام بڑے ٹریک 19 اگست تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سید پور گاؤں کے عقب میں جانے والا راستہ عارضی طور پر بند رہے گا۔ پاکستان میٹ آفس نے آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں شدید سے بہت شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث شہری اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اور پولیس ٹیموں کو نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

ادھر آزاد جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ایک روز کے وقفے کے بعد رات گئے سے بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے، جس سے گرمی اور حبس کی شدت ٹوٹ گئی ہے۔ موسلا دھار بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جبکہ دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب نہ جائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

مقبوضہ جموں کشمیر کے پیر پنجال اور پونچھ کے پہاڑی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

پنجاب میں بھی مون سون کے ساتویں اسپیل کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال اور اٹک میں کلاؤڈ برسٹ کا خدشہ ہے جبکہ لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور سمیت دیگر اضلاع میں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ندی نالوں کے قریب نہ جائیں اور خاص طور پر والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچے نالہ لئی یا برساتی نالوں میں نہائیں نہیں۔ حکام نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ نالہ لئی میں نہانے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے سندھ، راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے مختلف مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے شناختی کارڈ میں ترمیم کا عمل مزید آسان بنا دیا

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال چھتوں کے قریب ہرگز نہ کھڑے ہوں اور سفر کے دوران ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں۔

Scroll to Top