نادرا نے شناختی کارڈ میں ترمیم کا عمل مزید آسان بنا دیا

(کشمیر ڈیجیٹل) نادرا نے شناختی کارڈ میں ترمیم کے عمل کو مزید آسان اور سہل بنا دیا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے صرف موبائل فون کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا کے نیا شناختی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔

ماضی میں شناختی کارڈ میں تبدیلی ایک طویل اور وقت طلب عمل سمجھا جاتا تھا، جس کے لیے متعدد دفاتر جانا اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ تاہم، جدید ٹیکنالوجی اور نادرا کی جانب سے متعارف کرائی گئی پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے یہ مشکل ختم کر دی ہے۔

شہری اپنے موبائل میں پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اکاؤنٹ رجسٹر کرکے ترمیم کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست کے دوران بائیومیٹرک تصدیق، مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ اور فیس کی ادائیگی جیسے آسان مراحل شامل ہیں۔ اس کے بعد نیا شناختی کارڈ شہری کے منتخب کردہ پتے پر بذریعہ کوریئر پہنچا دیا جاتا ہے۔

ایپ کے ذریعے ترمیم کے لیے اسکرین پر ’اپ ڈیٹ کارڈ‘ کا آپشن منتخب کرنا ہوتا ہے۔ اس کے بعد بائیومیٹرک تصدیق کے لیے اپنی انگلی یا انگوٹھے کے نشانات دینا لازمی ہیں۔ کارڈ کی ترسیل کے لیے موجودہ یا مستقل پتہ منتخب کیا جا سکتا ہے۔

ترمیم کے عمل میں پراسیسنگ کیٹگری کے انتخاب کے بعد نیلے رنگ کے ’پلس‘ بٹن پر کلک کرکے مطلوبہ فیلڈ میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ اس دوران شہری اپنی تصویر براہِ راست موبائل سے لے سکتے ہیں اور دستخط بھی موبائل کی اسکرین پر درج کرسکتے ہیں یا تصویر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، اگر ازدواجی حیثیت یا دیگر ذاتی معلومات میں تبدیلی درکار ہو تو متعلقہ تفصیلات درج کرکے محفوظ کرنا ہوگا۔ ایپ اہل خانہ کا ریکارڈ جمع کرانے کا آپشن بھی فراہم کرتی ہے تاکہ تمام معلومات مکمل اور درست رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ اعلان کر دیا گیا،بابراعظم، محمد رضوان کی چھٹی!

یہ نئی سہولت شہریوں کو کاغذی کارروائی اور دفاتر کے چکروں سے بچاتے ہوئے گھر بیٹھے شناختی کارڈ میں ترمیم کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

Scroll to Top