(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے مظفرآباد کے علاقے 2 میل پر قائم ریسکیو سینٹر شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واٹر ریسکیو سینٹر ڈیڑھ سال قبل اس وقت قائم کیا گیا تھا جب دریائے نیلم پر پل کے قریب خودکشی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سینٹر کے قیام کے بعد اس نوعیت کے حادثات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اطلاع ملتے ہی عملہ ایک منٹ کے اندر پوری تیاری کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچ جاتا ہے۔ اب تک بروقت کارروائی کے نتیجے میں 19 افراد کو دریا کی خطرناک موجوں سے بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔
اہلکاروں نے بتایا کہ یہ واٹر ریسکیو پورے آزاد کشمیر میں اپنی نوعیت کا واحد مرکز ہے جو نہ صرف سیلاب اور آبی حادثات کے دوران ہنگامی مدد فراہم کرتا ہے بلکہ لوگوں کو آگاہی بھی دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ تعلیم نے نو تعینات معلمین قرآن کی تنخواہیں روکنے کا حکم جاری کردیا
مون سون کے تناظر میں ریسکیو سینٹر نے سیاحوں کو خصوصی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں یا گیلی جگہوں پر تصاویر یا سیلفیاں بنانے سے گریز کریں۔ “یہ کوئی نہر نہیں بلکہ گہرا دریا ہے، جہاں ذرا سی غفلت بھی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے احتیاط ضروری ہے۔”




