(کشمیر ڈیجیٹل) ملک بھر میں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن فعال کر دی گئی ہے تاکہ شہری بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری مدد حاصل کر سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے فوری طور پر 911 سروس کو فعال کیا ہے۔ ترجمان وزارت آئی ٹی کے مطابق، یہ سروس ایسے حالات میں بھی کام کرے گی جب کسی علاقے کے موبائل نیٹ ورک ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہوں، کیونکہ سروس قریبی فعال ٹاور سے خودکار طور پر منسلک ہو جائے گی۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 911 ڈائل کریں اور غیر ضروری کالز سے گریز کریں تاکہ حقیقی ضرورت مند شہریوں کو سہولت میسر ہو۔
خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں اب تک 300 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بونیر میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سردار عبد القیوم نیازی کی ضمانت منظور، انسداد دہشتگردی عدالت نے گرفتاری روک دی
وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کو ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان روانہ کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔




