250 سے زائد افراد جاں بحق، آزادکشمیر اور پختونخوا میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

(کشمیر ڈیجیٹل) خیبرپختونخوا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔ مختلف حادثات میں اب تک 250 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ کئی افراد لاپتا ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی بھی پیشگوئی کر دی ہے۔

صرف بونیر میں قدرتی آفت نے 213 افراد کی جان لے لی اور کئی افراد لاپتا ہیں۔ مانسہرہ میں سیلابی ریلے اور تودے گرنے کے واقعات میں 20 افراد جاں بحق ہوئے۔

باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 21 افراد ہلاک ہوئے۔ سیلاب نے کئی گاؤں بہا دیے، مکینوں کے گھروں کو نقصان پہنچا، جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں، اور بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔

سوات میں دریا کے بپھرے پانی نے راستے میں آنے والی ہر چیز بہا دی۔ مینگورہ سے گزرنے والی ندی کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، اور پانی کے ریلے رابطہ پلوں تک پہنچ گئے۔

آزادکشمیر کی وادی نیلم میں سیلابی ریلوں نے دریا پر بنے 6 رابطہ پل بہا دیے اور مختلف حادثات میں 11 افراد جاں بحق ہوئے۔ مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 8 افراد ہلاک ہوئے۔

گلگت بلتستان میں بھی سیلابی ریلوں نے متعدد علاقوں میں تباہی مچائی۔ اسکردو میں 5 پل بہہ گئے جبکہ چلاس کے اوچھار نالے میں متعدد افراد بہہ گئے۔

باجوڑ میں امدادی ہیلی کاپٹر کریش:

جمعہ کو باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ امدادی کارروائیوں سے واپسی کے دوران ضلع مہمند میں خراب موسم اور شدید دھند کے باعث پیش آیا۔ شہداء کے ڈی این اے سیمپل ٹیسٹ لاہور بھیج دیے گئے ہیں اور ان کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے پورے صوبے میں سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

مزید بارشوں کی پیشگوئی:

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ ایڈوائزری کے مطابق 18 سے 22 اگست تک خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مانسہرہ، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، ہزارہ، پشاور، صوابی، سوات، وزیرستان اور اطراف کے علاقوں میں معتدل سے تیز بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کوایک اور سبکی، 46 ممالک نے پلاسٹک آلودگی روکنے سے متعلق اجلاس کی صدارت پاکستان کو سونپ دی

اسی طرح آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں استور، اسکردو، ہنزہ، شگر، باغ، وادی نیلم، مظفرآباد اور اطراف میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے، شہریوں کو محتاط رہنے اور ہنگامی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top