(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر کی تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو آپریشن کی کامیاب تکمیل کے بعد وزیر اطلاعات آزادکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کا مقابلہ دنیا میں کوئی بھی نہیں کر سکتا، لیکن صبر، حوصلے اور مؤثر تدابیر سے ان کا سامنا ضرور کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب رتی گلی میں شدید بارش کے باعث سڑک بہہ جانے سے 700 سے زائد سیاح محصور ہوگئے تھے۔ ریسکیو آپریشن رات ہی شروع کر دیا گیا تھا، جبکہ ٹیمیں صبح سویرے سے پوری قوت کے ساتھ سرگرم رہیں اور یہ آپریشن دوپہر ساڑھے تین بجے کامیابی سے مکمل ہوا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق اس دوران حکومت آزادکشمیر پوری طرح فعال رہی۔ تقریباً 100 ریسکیو گاڑیاں، پاک فوج کے جوان و افسران، لیفٹیننٹ کرنل قیصر، اسسٹنٹ کمشنر سمیت سول انتظامیہ، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر موجود رہے، صحافی برادری نے سمجھداری کے ساتھ لوگوں میں خوف پھیلانے کے بجائے احتیاط کی اور ان سب لوگوں کی وجہ سے سیاحوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پوری رات موقع پر موجود رہے، ایک ایک خیمے میں جا کر سیاحوں کو اطمینان دلایا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور اداروں کے نزدیک ان کی جانوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ مقامی عوام نے مثالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاحوں کے لیے مفت رہائش کا انتظام کیا، جس سے دنیا بھر میں ایک مثبت پیغام گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جہلم ویلی کی قُرۃ العین خواجہ کو “پرائیڈ آف پاکستان 2025” سے نوازا گیا
پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ فوج اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں نے دن رات محنت کر کے یہ آپریشن کامیاب بنایا، جس پر تمام ادارے اور عوام خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آزادکشمیر کو ہر قسم کی قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔