(کشمیر ڈیجیٹل)خیبر پختونخوا حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر ضلع مہمند کے علاقے سوکئی میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں چیف پائلٹ سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے۔ حکام کے مطابق حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جبکہ ہیلی کاپٹر ضلع باجوڑ میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے جا رہا تھا۔
صوبائی حکومت کے مطابق تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر ایم آئی-17 ماڈل کا تھا اور حادثے سے قبل اس کا زمینی عملے سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ اس دوران صوبائی حکومت کا ایک اور ہیلی کاپٹر ضلع بونیر میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
محکمہ ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ شہداء میں چیف پائلٹ سلطان، پائلٹ افتاب اور پائلٹ اسسٹنٹ سلیم سمیت کل پانچ اہلکار شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہیلی کاپٹر جس مقام پر گرا وہ آبادی سے دور ہے اور ریسکیو ٹیمیں وہاں روانہ کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن ، 700 سیاح محفوظ مقام پر منتقل
ادھر ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے شدید سیلابی ریلے نے کئی مکانات بہا دیے، رابطہ سڑکیں اور پل تباہ کر دیے۔ صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث اموات کی تعداد 160 سے زائد ہو چکی ہے۔