پیٹربرا: پاکستان مسلم لیگ (ن) پیٹربرا کے زیراہتمام پاکستان کا 78واں یومِ آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایجوکیشن آفیسر سکولز کوٹلی، جناب عزیز قمر، اور ممتاز سیاسی و سماجی رہنما جناب فاروق قمر تھے، جبکہ صدارت مسلم لیگ (ن) ساوتھ زون برطانیہ کے صدر جناب طارق جمیل راجہ نے کی۔
پروگرام کا آغاز مسلم لیگ (ن) پیٹربرا کے سیکرٹری جنرل نوید جرال کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ جشنِ آزادی کی خوشی میں پاکستان کا خصوصی کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے چیئرمین منتخب ہونے پر راجہ جاوید اقبال کو مبارکباد دی گئی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
تقریب میں ڈاکٹر محمد اکرام (ڈپٹی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن پیٹربرا)، راجہ نوید عارف (صدر مسلم لیگ ن پیٹربرا)، راجہ قسیم، عابد حسین، منظر حسین سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مقررین نے اپنے خطابات میں 14 اگست کی تاریخی اور قومی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن شہدائے پاکستان اور بانیانِ وطن کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزمِ نو کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان مضبوط قیادت کے ہاتھوں میں ہے، اور مسلح افواج نے جرات و بہادری سے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ کیا ہے۔ مقررین نے فلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کامیاب حکمتِ عملی اور دفاعی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب کا اختتام ملک کی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کے ساتھ ہوا، جس کے بعد شرکا کی تواضع پرتکلف عشائیے سے کی گئی۔
حویلی، طوفانی بارشیں، پول سیلاب میں بہہ گئے، بجلی کا نظام درہم برہم،شہری متاثر