(کشمیر ڈیجیٹل) ایوانِ صدر مظفرآباد میں یومِ آزادی پاکستان کی مرکزی پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیرِ اعظم چودھری انوار الحق، سرکاری، مذہبی، سیاسی اور سماجی رہنماؤں کے ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ شہر کے دیگر مقامات پر بھی جشنِ آزادی کے پروگرام منعقد ہوئے، جن میں عوام نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔
گزشتہ روز اپنے یومِ آزادی کے خصوصی پیغام میں وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق نے کہا تھا کہ پوری کشمیری قوم، پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر یومِ آزادی پاکستان بڑے قومی جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست 1947 وہ تاریخی دن ہے جب علامہ اقبال کا خواب اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں کی جدوجہد ایک آزاد اسلامی ریاست کی صورت میں سامنے آئی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دو قومی نظریہ کی بنیاد پر مملکت کا قیام شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی فکر اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی دانشورانہ اور معتبرانہ قیادت کی ان تھک کوششوں کے باعث ممکن ہوا۔
وزیرِ اعظم نے شہداء اور اکابرینِ تحریکِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا، اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی منزل حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ اسپورٹس اسٹیڈیم میں یومِ آزادی کی پرچم کشائی، شدید بارش کے باوجود عوام کی بھرپور شرکت