(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مختلف شہروں میں سرکاری و عوامی سطح پر تقریبات کا انعقاد ہوا، جن میں پرچم کشائی، کیک کاٹنے، قومی ترانہ اور ملکی سلامتی کے لیے دعائیں شامل تھیں۔
کوہالہ میں صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے مسلح افواج پاکستان کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
باغ میں ضلعی ہیڈ کوارٹر میں یومِ پاکستان کی تقریب سجائی گئی، جس میں اسکولوں کے طلبہ و طالبات اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مہمانِ خصوصی وزیر حکومت سردار میر اکبر نے کہا کہ پاکستان کسی نعمت سے کم نہیں، آزادی کی قدر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے پوچھی جا سکتی ہے جو بھارتی ظلم سہہ رہے ہیں۔ تقریب میں 200 فٹ لمبا پاکستان اور کشمیر کا پرچم بنایا گیا اور فضا میں چھوڑا گیا، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بننے والا واحد اسلامی ملک ہے، مسلح افواج خاص طور پر سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی اور آج کے دن ہم پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالا ہے اور نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ قائداعظم کا پاکستان بنائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، کوئی طاقت ہمیں جدا نہیں کر سکتی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام ضرور آزادی اور پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ کی یومِ آزادی پر مبارکباد، پاکستان کے ساتھ نئے اقتصادی مواقع کی تلاش پر زور
چکوٹھی میں لائن آف کنٹرول کے قریب کیپٹن سرور شہید کے مقام پر پاک فوج کی جانب سے یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر خصوصی پروگرام منعقد ہوا، جس میں مقامی افراد اور فوجی جوانوں نے شرکت کی اور وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔




