اسلام آباد میں جشنِ آزادی پر خصوصی ٹریفک پلان کا اعلان

(کشمیر ڈیجیٹل) اسلام آباد پولیس کے چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے جشنِ آزادی کی تقریبات کے پیشِ نظر خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ اس پلان کا مقصد شہریوں کی سہولت، ٹریفک کی روانی اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔ شہریوں اور مہمانوں کے لیے داخلے، پارکنگ اور راستوں کی واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

داخلے کے لیے مقررہ راستے:

پلان کے مطابق شہری فیض آباد فلائی اوور سے مری روڈ، کشمیر چوک اور سری نگر ہائی وے کے ذریعے سپورٹس کمپلیکس پہنچ سکتے ہیں۔ اسی طرح شاہین چوک، فیصل چوک، کانسٹیٹیوشن ایونیو اور ڈی چوک (سری نگر ہائی وے) سے بھی سپورٹس کمپلیکس تک رسائی ممکن ہوگی۔

آئی ایٹ انٹرچینج اور جنگل ٹریک بھی داخلے کے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ گرین پاس کے حامل مہمان چاروں اطراف سے فیض آباد انٹرچینج کے ذریعے داخل ہو سکیں گے جبکہ بلو اور ییلو کارڈ رکھنے والے مہمان جنگل ٹریک یا گارڈن ایونیو سے سپورٹس کمپلیکس میں آ سکیں گے۔

پارکنگ اور ٹریفک کنٹرول:

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق، ڈرائیور کی عدم موجودگی میں گاڑیاں قریبی گراؤنڈ میں پارک کی جائیں گی۔ سرینا انڈر پاس سے زیرو پوائنٹ تک عام ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔بہارہ کہو جانے والے شہری جناح ایونیو، ایمبیسی روڈ اور سرینا گلوب چوک کا راستہ اختیار کریں گے۔ اسلام آباد میں داخلے کے لیے نائنتھ ایونیو (سری نگر ہائی وے) استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وقتی پابندیاں:
پلان کے مطابق گارڈن ایونیو کے تمام راستے 13 اگست سہ پہر 3 بجے تک عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گے۔ مزید یہ کہ 13 اور 14 اگست کی شام تک شہر میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات آج سےشروع ہوں گی

Scroll to Top