حکومت آزاد کشمیر اور ایچ ایچ آر ڈی کے اشتراک سے خطے کی ترقی کے لیے قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس میں “آزاد کشمیر کے ایس ڈی جی-2030 روڈمیپ کی بحالی: پائیدار ترقی کے راستے” کے عنوان سے قومی کانفرنس کامیابی سے منعقد ہوئی۔ کانفرنس کا انعقاد حکومت آزاد کشمیر اور ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ (HHRD) کے تعاون سے کیا گیا۔
وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے افتتاحی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی جامعات تحقیق پر مبنی حل فراہم کرکے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کو شامل کرنا ناگزیر ہے کیونکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعلیم، تحقیق اور پالیسی سازی کا امتزاج کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
کانفرنس میں مختلف ماہرین، پالیسی سازوں، طلبہ اور محققین نے شرکت کی جنہوں نے پائیدار ترقی کے لیے جدید تحقیق اور وسائل کے بہتر استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کشمیر خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مقامی و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے ذریعے مثبت تبدیلی ممکن ہے اور ہمیں اس وقت اپنے وسائل کو منظم کرتے ہوئے خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ضرورت ہے۔ کانفرنس کے دوران مختلف ورکشاپس اور سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا، جن میں ماہرین نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے نمائندے اور ایچ ایچ آر ڈی کے عہدیداران نے بھی کانفرنس میں شرکت کی اور خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس کانفرنس کو خطے میں پائیدار ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس نے حکومت، تعلیمی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کیا ہے۔