فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کامیاب دورۂ امریکہ، بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ بے نقاب

(کشمیر ڈیجیٹل) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا حالیہ دورۂ امریکہ پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی ثابت ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بھارت کا دہشتگردانہ چہرہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سپانسرڈ فتنہ الہندوستان کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دینا اسی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کا نتیجہ ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حالیہ امریکی فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی عالمی سطح پر توثیق ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے فتنہ الہندوستان کے ساتھ براہِ راست روابط قائم رکھے اور پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے اسے مالی امداد فراہم کی۔ بھارت نے اس تنظیم کے دہشتگردوں کو اپنے ملک میں علاج کی سہولیات بھی فراہم کیں، جبکہ بھارتی گودی میڈیا نے ان کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کو جواز فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور مشیر قومی سلامتی اجیت دوول نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے ساتھ اپنے روابط کا برملا اعتراف کیا۔ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین کیلئے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت مفت تربیت اور روزگار کا موقع

سکیورٹی حکام نے خبردار کیا کہ بھارت کے دہشتگردانہ عزائم نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہیں، اور یہ پیشرفت پاکستان کے مؤقف کی سچائی کو عالمی سطح پر مزید نمایاں کرتی ہے۔