(کشمیر ڈیجیٹل) وادی لیپہ سے سید جی ایم بخاری نے کہا ہے کہ یہاں کے لوگ بارڈر پر انڈین آرمی کے سامنے ڈٹ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی لیپہ کا دورہ کرے گی اور شہیدوں کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرے گی تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ ہم ریاست یا ملک کے خلاف نہیں بلکہ انڈیا کے خلاف لڑنے والوں کے ساتھ ہیں۔
بخاری نے کمیٹی کی مہنگائی اور عوامی مسائل پر اٹھائی گئی جرات مندانہ آواز کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس آواز کو ان تاجروں کے خلاف بھی بلند کرنا چاہیے جو غریب عوام کو مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وادی لیپہ میں شہر سے دور ہونے کا فائدہ اٹھا کر پاپڑ، چورن، دو نمبر سگریٹ، ناقص کولڈ ڈرنکس، گھٹیا کھانے کا تیل اور غیر معیاری بیکری اشیاء کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں جبکہ مرغ مافیا بھی مرغی کو دگنی قیمت پر بیچ رہا ہے۔
سید جی ایم بخاری نے کہا کہ اگر کوئی اصلاح کی غرض سے بات کرے تو کمیٹی کے کارکن سوشل میڈیا پر بغیر سوچے سمجھے تنقید اور الزام تراشی شروع کر دیتے ہیں، حالانکہ سوالات دشمنی نہیں بلکہ اصلاح کی پہلی سیڑھی ہیں۔
انہوں نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے سوال کیا ہے:
1۔ کیا وہ مضر صحت اشیاء کی فروخت پر بات کریں گے؟
2۔ کیا وہ غریب عوام کو لوٹنے والے تاجروں کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھائیں گے؟
یہ بھی پڑھیں: خان پور دبن کے قریب اپر میرا میں گاڑی حادثہ، 5 افراد جاں بحق