ایس سی او کا خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کا مشن، اجوہ کی زندگی بدل ڈالی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل):اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) نے معذور افراد کی فلاح کے لیے مظفرآباد میں جدید فری لانسنگ حب قائم کر کے ان کے لیے روزگار اور خود مختاری کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کا ذریعہ ہے بلکہ خود اعتمادی اور امید کی بحالی کا ضامن بھی بن رہا ہے۔

مظفرآباد کی ایک باہمت لڑکی اجوہ کی کہانی اس تبدیلی کی نمایاں مثال ہے۔ اجوہ کے والد سید ابرار حسین شاہ کے مطابق بیٹی پیدائشی طور پر صحت مند تھی، لیکن آٹھویں جماعت میں اچانک نظر کا مسئلہ پیدا ہوا اور ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ زندگی بھر نہیں دیکھ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر نے انہیں اندر سے توڑ دیا اور اجوہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہونے لگی۔

ایک دن اطلاع ملی کہ ایس سی او نے معذور افراد کے لیے کمپیوٹر سینٹر قائم کیا ہے۔ اجوہ کو وہاں لے جانے کے بعد اس کی زندگی بدل گئی۔ اس نے نہ صرف کمپیوٹر چلانا سیکھا بلکہ جینے کا حوصلہ اور خود پر یقین بھی پیدا کیا۔ والد کے مطابق اب وہ روشنی سے بھرپور محسوس ہوتی ہے اور یونیورسٹی جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چار روزہ جنگ جس نے بھارت کا سفارتی وقار مٹی میں ملا دیا ، ڈاکٹر امرجیت سنگھ کے انکشافات

سید ابرار حسین شاہ نے ایس سی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات اجوہ جیسے نوجوانوں کو نہ صرف آگے بڑھاتے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روشنی کا چراغ بناتے ہیں۔ ایس سی او کی بدولت معذور افراد ہنر سیکھ کر اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہے ہیں۔

Scroll to Top