(کشمیر ڈیجیٹل)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے امریکا کی سینئر سیاسی و عسکری قیادت اور پاکستانی نژاد امریکی برادری سے ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ٹیمپا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل مائیکل ای کوریلا کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شرکت کی۔ وہ کمانڈ تبدیلی کی تقریب میں بھی شریک ہوئے، جہاں ایڈمرل بریڈ کوپر نے کمان سنبھالی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے جنرل کوریلا کی شاندار قیادت اور پاک امریکا عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ایڈمرل کوپر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا جاری رکھا جائے گا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے جنرل ڈین کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کمیونٹی کو پاکستان کے روشن مستقبل پر اعتماد رکھنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ تارکین وطن نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔