(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آزاد کشمیر اور گردونواح میں ہفتہ اور اتوار کی شام و رات کے دوران بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور کے چند علاقوں میں بھی یہی صورتحال رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ صبح کے وقت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر میں راولاکوٹ اور گڑھی ڈوپٹہ سمیت مختلف مقامات پر آندھی اور بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ سٹی میں 78 ملی میٹر ہوئی، جبکہ گڑھی ڈوپٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ اور راولاکوٹ میں کم سے کم 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اس دوران موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم چند مقامات پر آندھی اور بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا، جبکہ صبح اور رات کے وقت چند مقامات پر بوندا باندی یا ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں 20 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں چکن گونیا کاتیزی سے پھیلاؤ، ایک ماہ میں 8 ہزار کیسز رپورٹ
دریں اثنا، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اس اقدام سے پانی کا بہاؤ دو لاکھ پچاس ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے کے پیش نظر قریبی آبادیوں کے رہائشی آبی گزرگاہوں سے دور رہیں۔ ادارے نے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی اطلاع دے دی ہے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔