نیلم (راجہ ساجد/ کشمیر دیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام، پاک فوج اور انجمن تاجران کے تعاون سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کیل میں ایک شاندار ادبی و ثقافتی میلہ منعقد کیا گیا، جس میں مختلف علاقائی زبانوں اور ثقافت کی بھرپور جھلک پیش کی گئی۔ تقریب میں آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری (ر) فلائیٹ لیفٹیننٹ خوشحال خان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
میلے میں مقامی فنکاروں نے کشمیری، گوجری، ڈوگری، شینا، کنڈلشاہی اور دیگر علاقائی زبانوں میں گانے، چار بیتیں اور روایتی رقص پیش کیے، جس سے ثقافتی ماحول کو چار چاند لگ گئے۔ مقامی و ریاستی گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی اور ان کی داد وصول کی۔
چیف سیکرٹری خوشحال خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر بالعموم اور نیلم ویلی بالخصوص مہماتی سیاحت کے لیے بہترین اور موزوں ترین خطہ ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے نیلم میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اہم اور موثر اقدامات کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کی ثقافت سے یہاں کے عوام کی زندہ دلی اور حب الوطنی کا اندازہ ہوتا ہے، اور یہی ثقافت خطے کی خوبصورتی کو نمایاں کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا نیلم کا دورہ یہاں کے زمینی مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ نیلم کے مختلف مسائل پر حکومتی سطح پر غور جاری ہے اور عوام کی فلاح و بہبود اور محرومیوں کے ازالے کے لیے ریاستی وسائل خرچ کیے جائیں گے۔ خاص طور پر تعلیمی اداروں کو درپیش مکانیت اور سٹاف کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ طلبہ و طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
تقریب سے کلچرل اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ سجاد خان اور انجمن تاجران کیل کے صدر چودھری خان ولی نے بھی خطاب کیا اور ثقافتی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ طلبہ و طالبات نے بھی اپنے گیت اور ٹیبلو پیش کیے، جنہیں چیف سیکرٹری نے سراہا اور بہترین پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کیا۔
میلے میں مختلف ثقافتی سٹالز بھی لگائے گئے جن میں صدائے نیلم، ربط ملت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن، کشمیری ہینڈی کرافٹ سمال انڈسٹری، محکمہ سیاحت کے تصویری سٹال اور شاہی میوہ جات شامل تھے۔ چیف سیکرٹری نے ان سٹالز کا معائنہ کیا اور بہترین نمائش کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی۔ میلے میں آنے والے مہمانوں کو کشمیری، گوجری، ڈوگری، شینا، اردو، انگریزی اور کنڈلشاہی کی مقامی زبانوں میں خوش آمدید بھی کہا گیا۔
سیکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ، ایس پی خواجہ صدیق کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر راجہ بلال، نائب تحصیلدار عارف ڈار اور ڈی ایس پی سردار فیاض نے سختی سے کی۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران کیل چودھری خان ولی نے چیف سیکرٹری، برگیڈئیر، ایس پی، ڈی ایچ او، ڈپٹی کمشنر، ناظم جنگلات نیلم، ایس ڈی او الطاف اعوان، ڈائریکٹر کلچرل اکیڈمی راجہ سجاد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارون سمیت متعدد دیگر افسران کو روایتی گلگتی کیپ (ٹوپیاں) پہنائیں۔
میلے میں برگیڈئیر 32 برگیڈ محمد عمران ارشد چیمہ، ناظم جنگلات سرکل نیلم اسد ہمدانی، ڈی ایف او کیل چودھری غلام مرتضیٰ، ڈی ایف او شاردا راجہ عارف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت خواجہ مشتاق گنائی، ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام نبی مغل، ایم ایس ٹی ایچ کیو کیل ڈاکٹر محمد اشرف، چئیرمین ٹاؤن کمیٹی کیل سردار امجد اقبال اور دیگر ضلعی و تحصیل افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں ٹریفک پولیس کی زیادتیوں کے خلاف بائیک رائیڈرز کا احتجاج
آخر میں کلچرل اکیڈمی کی جانب سے چیف سیکرٹری نے میلے میں شاندار کارکردگی اور تعاون کرنے والوں کو حسن کارکردگی کی شیلڈز پیش کیں۔ اس کے علاوہ میرپور بورڈ کی طالبہ خواجہ سیری کو تعلیمی میدان میں چھٹی پوزیشن حاصل کرنے پر شیلڈ دی گئی، جس پر حاضرین نے اسے بھی سراہا۔