چکوٹھی میں جشنِ آزادی کی تیاریاں مکمل ، عوام کا جوش و خروش دیدنی

(کشمیر ڈیجیٹل)لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر میں جشنِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ گلی کوچے سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سج چکے ہیں، جبکہ فضا ملی نغموں سے گونج رہی ہے۔ مقامی آبادی 14 اگست کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے پرعزم ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اس سال جشنِ آزادی کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ بھارت کے آپریشن سندور کے جواب میں بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پاک فوج اور عوام سب کے لیے ایک بڑا معرکہ ہے۔ ایک شہری نے کہاہمارے بچوں اور بڑوں میں زبردست جوش و خروش ہے۔ ہم سب کشمیری، پاک فوج کے شانہ بشانہ آزادی کا ہمیشہ ہی بھر پور مناتے ہیں لیکن اس سال بھارت کے خلاف کامیابی نے اس دن کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

ایک اور شخص نے کہا کہ “آزادی کی اصل قدر جاننی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں دیکھ لیں کہ بھارت نے کس طرح ظلم و بربریت مسلط کر رکھی ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی وہ ایل او سی پر جائیں گے، پاک فوج کے پروگرامز میں شریک ہوں گے، ریلیاں نکالیں گے اور جشن منائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا یومِ آزادی ہے، ہم مودی کو بتائیں گے کہ 14 اگست 1947 کو ہم آزاد ہوئے تھے اور پاکستان سے اپنے الحاق کا عزم دہراتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کی بھارتی طیارے گرائے جانے کی ایک بار پھر تصدیق آ گئی

چکوٹھی کے عوام نے یہ عہد بھی کیا کہ مقبوضہ کشمیر کو جلد آزاد کرایا جائے گا۔ ایک شہری نے کہا ہمارا ملک “پاکستان” اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور قائداعظم کا دیا ہوا تحفہ ہے جو ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ یہ دن منائیں گے۔

Scroll to Top