پاک فوج نے گزشتہ روز نیلم ویلی کے علاقے ہلمت کے عوام کومعاونت فراہم کرتے ہوئے دوسراہیلی کاپٹر مشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔یہ آپریشن گریس ویلی کے عوام کو ضروری معاونت فراہم کرنے اور بروقت انخلا و طبی سہولیات یقینی بنانے کیلئے کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے مقامی لوگوں کی اپیل پر دوسرا ہیلی کاپٹر مشن کامیابی سے مکمل کیا، مجموعی طور پر 11 مقامی افراد کو ہلمت سے کیل اور مظفرآباد منتقل کیا گیا تاکہ انہیں مزید علاج اور دیکھ بھال فراہم کی جا سکے۔
اس مشن کی کامیاب تکمیل دشوار گزار اور دور دراز علاقوں میں پاک فوج کے مقامی آبادی کی خدمت اور مدد کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آئی ایس پی آر کا گلوکار احمد جہانزیب کی آوازمیں نیا نغمہ کشمیر ریلیز
مقامی افراد جو برفباری کی وجہ سے بیمار پڑ چکے تھے اور کچھ سفر کرناچاہتے تھے کو سہولت فراہم کی گئی،مقامی افراد نے انسانی ہمدردی کے اس اقدام پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور علاقے میں مسلسل امدادی و فلاحی سرگرمیوں کو سراہا۔
یاد رہے کہ نیلم میں برفباری کے بعد سردی کی شدت بڑھ چکی ہے اور متعدد سڑکیں بھی بند ہیں،شدید سردی میں لوگ بیمار پڑ رہے ہیں جس پر پاک فوج نے ان کو فوری طور پر منتقل کرکے مقامی آبادی کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا ہے، پاک فوج موسم کی سختی ہو یا کوئی بھی اور موقع ہمیشہ عوام کی مدد کیلئے تیار رہتی ہے۔
پاک فوج نے گزشتہ ماہ جنوری میں بھی7ڈاکٹروں کی ٹیم کو مظفر آباد سے ہیلی کاپٹر پر ہلمت منتقل کیا تھااور وہاں سے مریضوں کو مظفر آباد لایا تھا۔سرداری میں فری میڈیکل کیمپ لگا کر 153 مریضوں کا معائنہ کیا گیا تھا اور انہیں مفت ادویات دی گئی تھیں۔