ان لینڈریونیو ملازمین کی ہڑتال جاری، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو شدید ردعمل دینے کا اعلان

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ ان لینڈ ریونیو آزادکشمیر کے ملازمین کی جانب سے ان لینڈ ریونیو ویلفیئر ایسوسی ایشن کی کال پر قلم چھوڑ ہڑتال کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جبکہ ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی وقتی طور پر موخر کر کے احتجاج کی شدت کو برقرار رکھا ہوا ہے۔

ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر چوہدری محمد آصف، دیگر رہنماؤں اور ملازمین نے مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں متعدد بار وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکریٹری، چیئرمین سی بی آر اور کمشنرز نارتھ و ساوتھ کی جانب سے مطالبات کی منظوری اور باقاعدہ نوٹیفکیشن کی یقین دہانی کروائی گئی، مگر اب تک کسی قسم کی عملی پیشرفت دیکھنے میں نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین 2022 سے زیر التوا سپیشل الاؤنس، پرفارمنس الاؤنس، فلاحی سہولیات، سروس اسٹرکچر، ٹائم سکیل اور اپ گریڈیشن جیسے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے مسلسل احتجاج پر مجبور ہیں۔

چوہدری محمد آصف نے واضح کیا کہ اگر فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مظفرآباد میں بھرپور دھرنا دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

احتجاج میں شریک ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حقوق، سروس تحفظ اور عزتِ نفس کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ عوامی و سرکاری حلقوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر نوٹس لے کر ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم کرے تاکہ محکمہ ریونیو کی کارکردگی متاثر نہ ہو اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر سمیت مختلف شہروں میں سونا کمی کیساتھ فی تولہ3 لاکھ 58 ہزار روپے ریکارڈ

Scroll to Top