کویت نے ویزا پابندی ختم کر کے پاکستانیوں کیلئے نوکریوں کا آغاز کر دیا

(کشمیر ڈیجیٹل) کویت میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی ہے، کیونکہ خلیجی ملک نے پاکستان پر عائد 19 سالہ ویزا پابندی ختم کرنے کے بعد ایک بار پھر ہنر مند افراد کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، کویت نے رواں سال مئی میں پاکستان پر طویل عرصے سے عائد ویزا پابندی کو باضابطہ طور پر ختم کر دیا تھا، جس کے بعد ورک، فیملی، بزنس اور وزٹ ویزے بحال کر دیے گئے۔

یاد رہے کہ ماضی میں سیکیورٹی خدشات کے باعث کویت نے پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے شہریوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی، جو اب ختم کی جا چکی ہے۔

اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن، جو وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کا ذیلی ادارہ ہے، نے طویل وقفے کے بعد کویت کیلئے ہنر مند کارکنوں کی برآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کویت میں مختلف شعبوں میں نوکریوں کے لیے بھرتیاں کی جا رہی ہیں، جن میں درج ذیل اسامیاں شامل ہیں:

  • گودام سپروائزر (Warehouse Supervisor): عمر کی حد 35 سال، ڈپلومہ یا بیچلر ڈگری اور انگریزی زبان پر عبور لازم
  • گودام کوآرڈینیٹر (Warehouse Coordinator)
  • گودام مین (Warehouseman)
  • بڑھئی (Carpenter)
  • اسسٹنٹ فرنیچر ورکر (Furniture Assistant)
  • ڈرائیور (Driver)
  • غیر ہنر مند کارکن (Unskilled Labour)

درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسٹمر سروس میں مہارت رکھتے ہوں اور انہیں ریٹیل گودام یا لاجسٹک کمپنی میں کام کا تجربہ حاصل ہو۔

واضح رہے کہ بیرونِ ملک کام کرنے والے پاکستانی کارکن ہر سال بھاری تعداد میں ترسیلات زر وطن بھیجتے ہیں جو کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان شدید معاشی بحران سے دوچار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا اسمارٹ فونز آسان اقساط پر دینے کا منصوبہ

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے، اور دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنی مکمل دستاویزات جمع کرا دیں۔

Scroll to Top