5 اگست کشمیریوں پر وار تھا، دنیا خاموش کیوں ہے؟مشعال ملک کا دو ٹوک پیغام

(کشمیر ڈیجیٹل)کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور سرگرم سماجی کارکن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیریوں کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کیونکہ اس روز بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی شناخت ختم کر کے ظلم و جبر کا نیا سلسلہ شروع کیا۔

کراچی میں مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ انہیں قائداعظم کے مزار پر حاضری دے کر روحانی سکون اور حوصلہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی پاکستان کے لیے وقف کی، اور کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے کر اس کی اہمیت ہمیشہ کے لیے اجاگر کر دی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم آج بخوبی جان چکی ہے کہ آزادی کی کیا قیمت ہوتی ہے، اور وہ ہر روز اس راہ میں قربانیاں دے کر اپنے عزم کو دنیا کے سامنے ثابت کر رہی ہے۔

مشعال ملک نے بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس کا خفیہ ادارہ ’را‘ یہاں مختلف نیٹ ورکس کے ذریعے عدم استحکام کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے نہ صرف جنگ کے دوران شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا بلکہ جھوٹے الزامات اور فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم بھی چلائی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام میں جعلی کارروائی کا الزام پاکستان پر دھر کر جنگ کا ماحول بنایا، مگر اللہ تعالیٰ نے “معرکہ حق” میں پاکستان کو سرخرو کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں نےبھارت کا غاصبانہ قبضہ قبول کیا نہ کبھی کرینگے، صدر، وزیراعظم آزادکشمیر

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم و ستم کا نوٹس لے اور ان کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے سنجیدہ اقدامات کرے۔

Scroll to Top