ہٹیاں بالا:لائن آف کنٹرول چکوٹھی سے ملحقہ گاؤں نڑدھار،موہڑہ صادق میں میں زیادہ گھاس اگنے کی لالچ میں جھاڑیوں اور جنگل کو لگائی گئی آگ کا نتیجہ،بارہ سالہ بچہ جھلس کر زندگی کی بازی ہار گیا۔۔۔ علاقہ سوگ میں ڈوب گیا ہر آنکھ آشکبار۔
تفصیلات کے مطابق جہلم ویلی کے سرحدی قصبہ چکوٹھی سے ملحقہ نڑدھار،موہڑہ صادق میں نامعلوم افراد نے پچیس جنوری کے روز زیادہ گھاس اگنے کی لالچ میں جھاڑیوں کو آگ لگائی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جنگل اور گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،علاقہ مکینوں نے اپنے گھروں کو آگ سے بچانے کے لیے آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی تو اس دوران دو حقیقی بھائی بارہ سالہ چوہدری فرمان اور پندرہ سالہ چوہدری لقمان پسران چوہدری عبدالعزیز پاؤں پھسل کر آگ میں گر کر زخمی ہو گئے۔۔۔
جنہیں فوری طور پر آر ایچ سی چکوٹھی سے سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کیا گیا،جہاں پر پندرہ سالہ چوہدری لقمان کو طبعی امداد دینے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جبکہ اس کے چھوٹے بھائی چوہدری فرمان کو برن سنٹر سی ایم ایچ کھاریاں ریفر کردیا گیا،کھاریاں میں بھی بارہ سالہ بچے کی حالت ٹھیک بہتر نہ ہونے پر اسے جناح ہسپتال لاہور ریفر کیا گیا جہاں پر وہ کئی روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پیر کے روز زندگی کی بازی ہار گیا۔۔۔
بارہ سالہ چوہدری فرمان کی میت جیسے ہی اس کے آبائی گاؤں موہڑہ صادق، نڑدھار پہنچی تو ہر آنکھ اشکبار،علاقہ سوگ میں ڈوب گیا،پیر کے روز چوہدری فرمان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،چوہدری فرمان کو نڑدھار، موہڑہ صادق میں اشکبار آنکھوں کے سائے میں منوں مٹی تلے سپرد خاک کردیا گیا۔۔۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ،پولیس اور محکمہ جنگلات جہاں جہاں بھی شر پسند عناصر جھاڑیوں اور جنگل کو آگ لگائیں ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے انتظامیہ،پولیس اور محکمہ جنگلات کی مجر مانہ غفلت کے باعث ایک قیمتی جان ضائع ہو گئی اگر حکام شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کرتے تو کسی کو بھی جھاڑیوں اور جنگل کو آگ لگانے کی ہمت نہ ہوتی۔۔۔۔
چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہوا تو آ ئندہ الیکشن نہیں ہونے دیں گے،عوامی ایکشن کمیٹی کا اعلان