(کشمیر ڈیجیٹل)معروف سیاسی و سماجی شخصیت رشید ولی راجپوت نے اپنے خاندان سمیت پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و سابق وزیر حکومت محترمہ نورین عارف اور ضلعی صدر انجینئر راجہ فراز عارف خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی بڑی سیاسی جماعت ہے، جس میں شامل ہونا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
رشید ولی راجپوت کا کہنا تھا کہ ان کی شمولیت مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت، بڑھتے ہوئے اعتماد اور مضبوط سیاسی وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) ضلع مظفرآباد انجینئر راجہ فراز عارف نے کہا کہ نئے شامل ہونے والے افراد پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی نامساعد حالات کے باوجود حلقہ کی تعمیر و ترقی میں مسلم لیگ (ن) کا کردار نمایاں رہا ہے۔
انجینئر راجہ فراز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے وفاق میں مہنگائی کا خاتمہ کیا، عوام کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے، اور اب آزاد کشمیر میں بھی تعمیر و ترقی کا جال بچھایا جائے گا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے عوامی جذبات سے کھیلا، جبکہ حلقہ ایک کوٹلہ کے مسائل آج بھی جوں کے توں موجود ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ن لیگ کا بھرپور ساتھ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کےاحمد عمران ملک نے IOI 2025 میں برونز میڈل جیت لیا