شہدائے آزاد کشمیر پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مظفرآباد پولیس لائن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا آغاز یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے ہوا۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر رانا عبدالجبار، دیگر اعلیٰ پولیس افسران اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔ یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔
بعد ازاں باقاعدہ تقریب منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس آزاد کشمیر رانا عبدالجبار نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے جوان ہمیشہ ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور شہداء کی طرح جان کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں آج سے 7 اگست تک موسلادھار بارش کا امکان
تقریب میں قرآن خوانی، دعا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی کلمات بھی ادا کیے گئے۔ شرکاء نے اس موقع کو قومی یکجہتی اور قربانی کے جذبے کی علامت قرار دیا۔