(کشمیر ڈیجیٹل): کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 7 اگست تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اتوار کی رات اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 7 اگست تک کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
6 اگست کو بلوچستان میں بھی تیز بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جب کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا اور بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیریز جیت لی
ادھر راول ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے باعث اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔