(کشمیر ڈیجیٹل): حج 2026 کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، حکومت نے اس سال دستیاب کوٹہ مکمل کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ان افراد کو بھی حج درخواستیں جمع کروانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ابتدائی رجسٹریشن سے رہ گئے تھے۔
وزارتِ مذہبی امور نے حج درخواستوں کی توقع سے کم تعداد موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے، تاکہ دستیاب حج کوٹہ مکمل طور پر استعمال میں لایا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال رجسٹرڈ ساڑھے چار لاکھ افراد میں سے صرف سوا لاکھ عازمین کے حج پر جانے کا امکان ہے، جس کے باعث وزارت نے غیر رجسٹرڈ افراد کے لیے بھی درخواست کا دروازہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رجسٹرڈ افراد کے لیے حج درخواستوں کی وصولی کا عمل 4 اگست بروز پیر سے 9 اگست تک جاری رہے گا، جبکہ غیر رجسٹرڈ افراد 11 اگست سے 16 اگست تک درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔ تمام درخواستیں ”پہلے آیئے، پہلے پائیے“ کی بنیاد پر قبول کی جائیں گی، تاہم ترجیح رجسٹرڈ افراد کو دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مکمل 38 سے 42 دن کے حج پروگرام کے لیے 5 لاکھ روپے اور 20 سے 25 دن کے مختصر حج اسکیم کے لیے ساڑھے پانچ لاکھ روپے بطور پہلی قسط جمع کروانا ہوں گے۔ دوسری قسط کی وصولی یکم نومبر کو کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کیل نیلم میں منفرد ہنڈی کرافٹ شاپ، ثقافت اور ہنر کا امتزاج
ملک بھر میں نامزد 14 بینکوں کے ذریعے حج درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق اس فیصلے کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو فریضۂ حج کی ادائیگی کا موقع دینا اور حکومتی حج کوٹہ مکمل طور پر استعمال کرنا ہے۔