بھارت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا، امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کر دیا گیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے باوجود بھارت نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے بعد بھی بھارت نے اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی، اور بھارتی تیل کمپنیوں کو روسی تیل کی خریداری روکنے کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی کمپنیوں کے روس سے کیے گئے معاہدے طویل المدت نوعیت کے ہیں، اور بھارت کے لیے یہ ممکن نہیں کہ وہ یکدم روسی تیل کی درآمد بند کر دے۔ تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کی چار سرکاری آئل ریفائنریوں نے روس سے خام تیل کی خریداری میں دلچسپی نہیں لی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے 14 جولائی کو روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں 4 اگست سے طوفانی بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ! الرٹ جاری

امریکا کی جانب سے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف بھی نافذ کیا گیا، جس کے جواب میں بھارت نے امریکا سے ففتھ جنریشن ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے خریدنے میں عدم دلچسپی ظاہر کر دی۔

Scroll to Top