(کشمیر ڈیجیٹل)پاک فوج میں جدید زیڈ۔10 ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹرز کو باقاعدہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب مظفرگڑھ میں منعقد ہوئی جس میں فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ تقریب میں فائر پاور کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جسے آرمی چیف نے سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق زیڈ۔10 ایم ای ہیلی کاپٹرز جدید ریڈار، الیکٹرانک وارفیئر اور نائٹ اسٹرائیک صلاحیتوں سے لیس ہیں، جو پاک فوج کی فضائی جنگی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ثابت ہوں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر مشترکہ ہتھیاروں کی حکمت عملی کے کامیاب مظاہرے کو سراہا اور جدید ہیلی کاپٹر کے فائر پاور کے عملی مظاہرے کو افواج پاکستان کی جنگی تیاریوں میں فیصلہ کن برتری کا مظہر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بعد ازاں ملتان گیریژن کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فوجی جوانوں کے جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کو سراہا۔
انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ “پاک فوج بدلتے ہوئے جنگی ماحول میں فیصلہ کن برتری برقرار رکھے گی۔” ساتھ ہی انہوں نے قومی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ملتان گیریژن میں فیلڈ مارشل نے علمی و سماجی حلقوں سے ایک خصوصی نشست میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے قومی یکجہتی، سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ قومی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ زیڈ۔10 ایم ای ہیلی کاپٹرز کی شمولیت سے پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی، جو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ میں 25 اور 26 اگست کوپونچھ ایکسپو گالا ، نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع فراہم