مودی نے معیشت تباہ کردی، راہول گاندھی نے ٹرمپ کے بیان کی حمایت کردی

نئی دہلی:بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بھارتی معیشت کے مردہ ہونے کے بیان کی حمایت کردی۔

راہول گاندھی نے صحافیوں سے بات چیت میں مودی سرکاری کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہاکہ انہیں خوشی ہےکہ صدر ٹرمپ نے ایک حقیقت کو بیان کیا ہے اور اگریہ بات کسی کو نہیں معلوم تو وہ ملک کے وزیراعظم اور وزیرخزانہ ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے ہماری معیشت، دفاع اور خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا ہے اور یہ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی صرف صنعتکار گوتم اڈانی کے مفادات کیلئے کام کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مودی نے ٹرمپ کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، روسی تیل کی خریداری روک دی

راہول نے صدر ٹرمپ کے متعدد دعوؤں پر حکومت کی خاموشی پر بھی سخت سوالات اٹھادیئے

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے تقریباً 30 سے 32 بار دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی کروائی اور ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ جنگ میں بھارت کے 5 لڑاکا طیارے گرائے گئے اور اب انہوں نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی بات کی۔

راہول گاندھی نے حکومت سے سوال کیاکہ وزیراعظم مودی اس تمام تر معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟ وہ اس پر جواب کیوں نہیں دے پا رہے؟ اصل وجہ کیا ہے؟

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں بھارتی معیشت کو مردہ معیشت دیا تھا۔ ٹرتھ پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہاکہ انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بھارت روس کے ساتھ کیا کرتا ہے، دونوں اپنی مردہ معیشتوں کو ایک ساتھ نیچے لے جا سکتے ہیں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ بہت تھوڑا سا کاروبار کیا ہے مگر ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں۔

Scroll to Top