اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ریاستی سیاست میں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔
اسلام آباد میں واقع پیپلز سیکرٹریٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر رہنما، سابق وزیر حکومت اور ریاستی سیاست کے درخشندہ ستارے سردار قمر الزمان کی صحت یابی کیلئے ایک پرتپاک اور پروقار دعائیہ تقریب منعقد کی گئی
آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین، کارکنان اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی بلکہ خود سردار تنویر الیاس خان نے تقریب میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے وفود سے ملاقاتیں کیں اور سیاسی و تنظیمی معاملات پر تفصیلی مشاورت بھی کی۔
تقریب کے دوران سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے سردار قمر الزمان کی سیاسی، سماجی اور پارلیمانی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار قمر الزمان آزاد کشمیر کی سیاست میں اصول، جرات اور رواداری کا استعارہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا مشن بنایا اور ریاستی مفادات پر کبھی سودے بازی نہیں کی، وہ ایک سینئر پارلیمنٹرین کی حیثیت سے نہ صرف ایوان کے وقار کے علمبردار رہے بلکہ ان کا سیاسی رویہ اور طرز عمل ایک شاندار روایت کی حیثیت رکھتا ہے جو نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ سردار قمر الزمان کی بیماری کے دوران ریاست بھر سے خصوصاً حلقہ وسطی باغ اور اہلیان باغ کی جانب سے جس انداز میں عقیدت، محبت اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا،
ان کی سیاسی، سماجی مقبولیت اور عوامی اعتماد کا عملی ثبوت ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے گزشتہ ضمنی انتخاب کے دوران سیاسی اختلافات کے باوجود اصولی طور پر خاموشی اختیار کی تاکہ سردار ضیاء القمر کو میدان سیاست میں آگے بڑھنے کا موقع ملے،
نتیجتاً وفاقی حکومت کی پوری مشینری، چار وفاقی وزراء کی موجودگی اور حکومتی دباؤ کے باوجود سردار ضیاء القمر نے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی حاصل کی اور یہ فتح عوامی شعور، سردار قمر الزمان کی خدمات اور پیپلز پارٹی کے سیاسی وقار کی علامت ہے۔
سابق وزیراعظم نے دعائیہ تقریب میں شریک کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہم ریاستی اور قومی سطح پر ایک سنجیدہ سیاسی بیانیہ لے کر چل رہے ہیں اور ہم اس سازش کو بے نقاب کریں گے جو آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں “فارم 47” جیسی دھاندلی کے ذریعے سیاسی مینڈیٹ کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گی اور آزاد کشمیر میں کسی کو دھونس، دھاندلی یا بیلٹ باکس پر قبضے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی،
انہوں نے مہاجرین جموں و کشمیر کی بارہ نشستوں سے متعلق بعض سیاسی عناصر کے بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ان نشستوں کو ٹوکرے میں ڈال کر لے جانے کے خواب دیکھ رہے ہیں، وہ دراصل حقیقت کی زمین سے دور اور احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، یہ نشستیں کسی کی جاگیر نہیں بلکہ مہاجرین کے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ ہو گا اور ہم اس حوالے سے کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔۔
انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آج وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے سہارے پر قائم ہے اور آنے والے وقت کا دھارا آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی عوامی طاقت کی طرف بہہ رہا ہے۔۔
اگر سردار قمر الزمان کی نشست پر انتخاب ہوا تو انشاءاللہ کامیابی پیپلز پارٹی کا مقدر بنے گی اور آزاد کشمیر بھر میں صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی کا راج ہو گا۔۔
دعائیہ تقریب میں مشیر حکومت سردار احمد صغیر، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، مرکزی نائب صدر پیپلز پارٹی و امیدوار اسمبلی سردار مبارک حیدر، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید، راجہ قمر الزمان، معروف قانون دان عبدالعزیز رتالوی ایڈووکیٹ، سابق معاون خصوصی سدھیر مغل، سابق چیئرمین ایم ڈی اے اسد حبیب، ڈویژنل صدر ساجد جہانگیر مغل، قاری محمد راشد صدر معلمین قرآن آزاد کشمیر، راجہ محمد شفیق کھوکھر، شگفتہ نورین سمیت سابق وزیراعظم کی پولیٹیکل ٹیم، کارکنان اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں، عہدیداران اور وفود کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے تقریب کے انعقاد کو ریاستی سیاسی اتحاد، رواداری اور پیپلز پارٹی کی عوامی جڑوں کی ایک زندہ مثال قرار دیا۔