ملک کے بالائی علاقوں میں آج رات شدید بارش اور آندھی کا امکان ہے، پی ایم ڈی کا الرٹ جاری

(کشمیر ڈیجیٹل) ملک کے بالائی علاقوں میں آج رات موسم کے شدید ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کشمیر، خیبرپختونخوا، مری اور گلیات سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارشوں، گرج چمک، آندھی اور جھکڑ چلنے کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

آج رات کشمیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، کرک، ہنگو، ٹانک، مری، گلیات اور ڈیرہ غازی خان میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

بارشوں کے دوران کمزور ڈھانچے جیسے کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کے متاثر ہونے کا امکان ہے، اس لیے احتیاط نہایت ضروری ہے۔

کشمیر کا موسم:

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو کشمیر میں مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اس دوران کچھ مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جو لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا باعث بن سکتی ہے۔

مظفرآباد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی 88 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔راولاکوٹ میں 27 ڈگری، نمی 84 فیصد، بارش کا قوی امکان ہے۔گڑھی دوپٹہ میں درجہ حرارت 33 ڈگری، نمی 73 فیصد، اور موسلا دھار بارش کا امکان موجود ہے۔

دیگر علاقوں کی صورتحال:

سری نگر، شوپیان، اننت ناگ، پلوامہ، لہہ، بارہ مول اور جموں میں بھی وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کچھ مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔

آنے والے دنوں کی پیشگوئی:

جمعرات کو شمال مشرقی و جنوبی پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ وسطی خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

جمعہ کو جنوبی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال:

گزشتہ روز پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔مظفرآباد میں 5 ملی میٹر (ائیرپورٹ) اور 4 ملی میٹر (سٹی) بارش ریکارڈ کی گئی، راولاکوٹ میں 2 ملی میٹر۔زیادہ بارش گوجرانوالہ میں 47، بہاولنگر میں 29، بنوں میں 38 اور کاکول میں 35 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے، غیر ضروری سفر مؤخر کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا مودی کو جھٹکا، بھارت کی 7 کمپنیوں پر پابندیاں عائدکر دیں

Scroll to Top