پاکستان کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین سے کامیابی سے لانچ کر دیا گیا

(کشمیر ڈیجیٹل):پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جب ملک کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ آج 31 جولائی کو چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کر دیا گیا۔ یہ لانچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 سے 8 بجے کے درمیان عمل میں لایا گیا۔

خلائی و فضائی تحقیقاتی ادارہ سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ کی لانچنگ کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے، اور اس اہم مشن کی براہِ راست نگرانی کے لیے پاکستانی سائنسدان اور انجینئرز پہلے ہی چین کے لانچ سینٹر میں موجود تھے۔

سپارکو کے ترجمان نے اس پیش رفت کو پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سیٹلائٹ ملک میں قدرتی آفات سے بروقت نمٹنے، ماحولیات کی نگرانی اور شہری منصوبہ بندی جیسے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔

بروقت وارننگ سسٹم اور جدید نگرانی:

یہ جدید سیٹلائٹ اعلیٰ معیار کی ریموٹ سینسنگ ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، جو سیلاب، زلزلے اور زمینی کٹاؤ جیسے قدرتی خطرات کی بروقت نشاندہی کر سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ سیٹلائٹ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور شہری علاقوں کے پھیلاؤ پر بھی مسلسل نگرانی فراہم کرے گا، جس سے ملک کی منصوبہ بندی اور ترقیاتی عمل کو رفتار ملے گی۔

خصوصی تقریب اور براہِ راست کوریج:

سپارکو ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اس موقع پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں سائنسدانوں، حکومتی نمائندوں اور دیگر مہمانوں نے سیٹلائٹ کی لانچنگ کو براہِ راست دیکھا۔ چین میں موجود پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یاسر کا ویڈیو پیغام بھی تقریب کے دوران نشر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، امریکی صدر کا اہم اعلان

ماہرین کے مطابق یہ کامیاب لانچ پاکستان کے خلائی پروگرام کو تقویت دے گا اور ریموٹ سینسنگ کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔ سی پیک جیسے میگا پروجیکٹس کی نگرانی میں بھی یہ سیٹلائٹ مؤثر معاونت فراہم کرے گا۔

Scroll to Top