مظفر آباد میں صفائی کیلئے شعور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

مظفر آباد انتظامیہ اورمیونسپل کارپوریشن نے 5 فروری سے صفائی ستھرائی شعور آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

میونسپل کارپوریشن کی 36 وارڈز کی صفائی ستھرائی سمیت آگاہی مہم اور عوام میں شعور کی بیداری کیلئے کونسلرز کو مسجد اور محلے کی سطح پر ٹاسک دینے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔

میئر میونسپل کارپوریشن سکندر گیلانی اور ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق کی زیر صدرات اجلاس میں گزشتہ روز اہم فیصلے کئے گئے، اجلاس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں اور تاجروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں این جی اوزکے ذمہ داران بھی شریک ہوئے ، تمام شرکاء نے صفائی مہم کو مربوط اور موثر بنانے اور اس کے دیر پااثرات کیلئے تجاویز دیں ۔

یہ بھی پڑھیں:کوٹلی آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والا پاکستانی نژاد برطانوی باکسرآدم عظیم عالمی چمپئن بن گیا

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات اور کوڑا کرکٹ کی صفائی دونوں ضروری ہیں تاہم عوام کوڑا منتخب جگہ پر نہایت سلیقے کے ساتھ رکھا کریں ، بار بار سارا دن گندگی پھیلانا مہذب معاشرے کی علامت نہیں ہے۔

ڈپٹی کمشنر اور میئر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دارالحکومت ریاست کا چہرہ ہے جہاں یومیہ ہزاروں افراد اپنے کاموں کے لئے آتے ہیں اس لئے اسے صاف ستھرا رکھنا سب کا فرض ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سپیکر کےقافلے پر حملے کے بعد حلقہ کھاوڑہ میں تلخی، آخر معاملہ ہے کیا؟

انہوں نے کہا شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کردار ادا کریں صفائی مہم کو موثر بنانے کے لئے صحافی وکلاء، تاجران،سول سوسائٹی،علماء،آئمہ مساجد،طلباء اور خواتین سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

اجلا س میں شرکاء کی تجاویز کے مطابق اقدامات اٹھانے اور مزید سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

Scroll to Top