کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان

(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان کے مختلف حصوں میں ایک بار پھر بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، جس کا آغاز آج سے ہو گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جن کے باعث کشمیر سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان مون سون ہواؤں کے زیر اثر پیر سے جمعرات کے دوران کشمیر، اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ان بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، شہری سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر میں آج سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے، جو وقفے وقفے سے جمعرات تک جاری رہے گا۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پنجاب میں بھی گرمی اور حبس کی شدت کے بعد آج سے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، مری اور گلیات سمیت دیگر شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، مانسہرہ، بونیر، ایبٹ آباد، پشاور اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بابوسر اور دیگر بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آج رات سے 31 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، جبکہ سندھ میں بدھ اور جمعرات کے روز بارش متوقع ہے، خاص طور پر کراچی، ٹھٹھہ، عمرکوٹ، سانگھڑ، مٹھی اور بدین کے علاقوں میں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش ہوئی۔ دیر میں 14 ملی میٹر، مالم جبہ میں 2 ملی میٹر اور بابوسر میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دادو اور دالبندین میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوکنڈی میں درجہ حرارت 44 ڈگری رہا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی زائرین پر سڑک کے ذریعے ایران، عراق جانے پر پابندی

ملک میں آج سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ نوکنڈی میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا۔

Scroll to Top