دیامرسیلاب کی تباہ کاریاں اب سامنے آرہی ہیں اور خیبر ٹی وی کی اینکر شبانہ فیملی سمیت لاپتہ ہوگئی ہیں۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق دیامرسیلاب میں ایک اور فیملی کےلاپتا ہونےکی اطلاع ہے اور لاپتا ہونے والوں میں لیاقت، اہلیہ شبانہ اور ان کے چار بچے شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایاکہ شبانہ لیاقت نجی ٹی چینل میں اینکر ہیں اور چینل انتظامیہ نے لاپتا ہونے کا کہہ کر رابطہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آج کاروبار کا دن نہیں ہے،دیامر کے ہوٹلوں، گھروں کے دروازے سیاحوں کیلئے کھل گئے
ترجمان کے مطابق شاہراہ بابوسرپرنجی ٹی وی چینل کی اینکرپرسن کا پرس مل گیا اور یہ پرس تھک بابوسر کے مقامی رضاکار کو ملا ہےجس میں خاتون کا شناختی کارڈ موجود ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاپتا سیاحوں کی تلاش جاری ہے اور رضاکاروں کو سراغ رساں کتوں اورڈرونز کی مدد بھی حاصل ہے جبکہ پولیس، انتظامیہ، ڈیزاسٹرمنیجمنٹ، پاک فوج اور جی بی اسکاؤٹس سرچ آپریشن میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بابوسر ٹاپ پر طوفانی سیلاب: ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 200 سیاح ریسکیو، امدادی کام تیزکر دیا گیا
ترجمان کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کےمطابق 10 سے 15سیاح شاہراہ بابوسر میں سیلابی ریلوں میں بہہ گئے تھے۔
ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی یکم جولائی کو اپنے شوہر اور چار بچوں کے ساتھ سیر کے لیے گلگت بلتستان گئی تھیں ۔
سکردو سے واپس آتے ہوئے بابوسر ٹاپ پر پہنچ کر ان کے اور ان کے شوہر کے نمبر بند ہو گئے، اب تک ان کی کوئی خبر نہیں ملی اور نہ ہی ان کا موبائل فون ملا ہے۔