کوٹلی آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر آدم عظیم نے ورلڈ سپرلائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ جیت لی، دوسرے بھائی حسن عظیم کا بھی فاتحانہ آغاز
لندن میں ہونے والی ورلڈ سپر لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی نژاد برطانوی باکسر آدم عظیم نے نویں رائونڈ میں قازقستان سے تعلق رکھنے والے عالمی چیمپئن سرگئی لیپینیٹس کو شکست دے کر ورلڈ سپر لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
آدم عظیم کا تعلق ضلع کوٹلی کی یونین کونسل ڈونگی سگیام کے گاؤں کروٹاں سے ہے اور اس سے پہلے بھی یورپین سپر لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں ۔ آدم عظیم اب تک باکسنگ کا کوئی مقابلہ نہیں ہارے ہیں
یہ بھی پڑھیں:چیمپئنز ٹرافی 2025فائنل کا حقدارکون؟: رکی پونٹنگ کی پیشگوئی
لندن کے ویمبلے ارینا میں منعقدہ باکسنگ چیمپئن شپ میں آدم عظیم کے بھائی مڈل ویٹ باکسر حسن عظیم نے بھی مقابلہ جیت لیا۔حسن عظیم نے سویڈن کے جنسن ارونگ کو 4 راؤنڈز میں واضح شکست دی، انہوں نے 40-36 سے کامیابی حاصل کی، مڈل ویٹ باکسر حسن عظیم نے کیریئر کا آغاز مقابلے میں ناقابل شکست رہ کر کیا۔
لندن کے ویمبلے ارینا میں تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے شاندار کارکردگی پر باکسرز کو دل کھول کر داد دی۔شاندار کامیابی پر کشمیری کمیونٹی برطانیہ اور عوام علاقہ ڈونگی نے آدم عظیم اور حسن عظیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔