اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق سے وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی، سیکرٹری صحت بریگیڈئر محمد فرید، اور ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ فارق احمد نور نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں محکمہ صحت عامہ کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ادویات کی خریداری کی مد میں محکمہ صحت کو ایک ارب روپے کے اضافی فنڈز فراہم کئے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی ادراک ہونا چاہیے، کیونکہ ادارہ جاتی بہتری صرف اسی صورت ممکن ہے جب ہر فرد اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے نبھائے۔
وزیر اعظم نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ تمام بی ایچ یوز، آر ایچ سیز، تحصیل و ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں موجود خالی آسامیوں کو فوری طور پر پرکیا جائے اور وہاں ڈاکٹرز، اسپیشلسٹس’ ایمبولینسز اور ضروری ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے ہیلتھ کارڈ تک عوامی رسائی کو مزید موثر بنانے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو جامع سفارشات مرتب کر کے حکومت کو پیش کرے گی۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے ایک فعال مانیٹرنگ یونٹ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، تاکہ سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت آزاد کشمیر صحت کے شعبہ کو مکمل طور پر فعال اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
چوہدری یٰسین نے ابرار قریشی کیخلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ جیت لیا،صحافی پر بھاری جرمانہ عائد