ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) سراں کے مقام پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مین شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت راجہ حارث کر رہے تھے، احتجاجی مظاہرہ میں بڑی تعداد میں عوام علاقہ نے شرکت کی ۔۔۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے، گھریلو امور، کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ متعلقہ حکام مسلسل خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی ہٹیاں بالا منظر حسین چغتائی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور انتظامیہ کی مداخلت سے ٹریفک بحال کروا دی گئی۔
انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جبکہ مظاہرین نے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی دھمکی دی ہے۔۔۔۔