ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر و سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے اپنے ایک سخت ردعمل میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جانب سے آزادکشمیر میں قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ اُن کی بوکھلاہٹ، مایوسی اور سیاسی موت کی نشانی ہے۔ یہ مطالبہ ایک “دیوانے کا دھاندلی کا خواب” ہے، کیونکہ ریاست کے باشعور عوام اب ن لیگ کے دھوکے میں آنے والے نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ن لیگ کی جعلی اور کمزور حکومت، جس کی سربراہی وفاق میں صرف 17 نشستوں والے شہباز شریف کر رہے ہیں، آخری سانسیں لے رہی ہے۔ دسمبر 2025 تک مسلم لیگ ن کا پورے پاکستان سے سیاسی صفایا ہو جائے گا، اور آزادکشمیر میں بھی ان کا کوئی سیاسی مستقبل باقی نہیں بچا۔
سید ذیشان حیدر نے سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت سب سے زیادہ سرکاری وسائل کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ حلقہ انتخاب میں ان کے پاس کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں ہے۔ ان کا پورا انحصار سرکاری گاڑیوں، پٹرول، اسکیموں اور جعلی بھرتیوں پر ہے۔ یہی صورت حال ن لیگ کے دیگر حلقوں میں بھی ہے، جہاں عوامی خدمت کے بجائے اقربا پروری، کرپشن، اور مراعات کی بندر بانٹ جاری ہے۔
مزید برآں، سید ذیشان حیدر نے انکشاف کیا کہ حکومت میں شامل وزیر نثاراں عباسی کا دفتر براہ راست فاروق حیدر کی انتخابی مہم کے لیے استعمال ہو رہا ہے، جو کہ کھلی انتخابی دھاندلی کے مترادف ہے۔ یہ ایک خطرناک روایت ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، اور ریاستی آئین و قانون کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ن لیگ چونکہ اپنی یقینی شکست کو سامنے دیکھ رہی ہے، اس لیے بوکھلاہٹ میں آکر قبل از انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے، تاکہ کسی طرح اپنے زوال کو وقتی سہارا دیا جا سکے۔
پی ٹی آئی آزادکشمیر اب ایک ناقابلِ شکست قوت بن چکی ہے، خاص طور پر جہلم ویلی کے دونوں حلقوں میں عوام کی حمایت غیر متزلزل ہے۔ پارٹی کا واضح پیغام ہے کہ اب ریاست کے غریب، متوسط طبقے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو کرپٹ موروثی سیاست کا متبادل دیا جائے گا۔ ہم عمران خان کے ویژن کے مطابق ایک صاف، شفاف اور بااختیار سیاسی نظام قائم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 27 جولائی بروز اتوار ایک اہم جنرل ورکرز اجلاس بلایا گیا ہے، جس میں آئندہ انتخابی مہم کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ جلد ہی بھرپور انداز میں پورے آزادکشمیر میں انتخابی مہم کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ حقیقی عوامی نمائندے ریاست کے ایوانوں تک پہنچ سکیں۔
تحصیل پریس کلب شاردا کی عمارت اگست میں مکمل ہو گی، افتتاح وزیر اطلاعات کریں گے