جہلم ویلی کے50سالہ غلام مرتضی کاظمی نے میٹرک امتحان پاس کرلیا

جہلم ویلی، ضلع جہلم ویلی کے علاقے چناری سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی و سماجی رہنما غلام مرتضیٰ کاظمی نے اپنی 50 ویں سالگرہ میٹرک کا امتحان پاس کرکے منائی ۔

پچاس برس کی عمر میں میٹرک پاس کرنا شاید کسی کیلئے خواب ہومگر غلام مرتضیٰ کاظمی نے اسے حقیقت کا روپ دے کر علاقے بھر میں نئی تاریخ رقم کر دی۔

میرپور بورڈ کے تحت ہونے والے میٹرک امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد ان کا کہنا تھاکہ تعلیم صرف کاغذ کی سند نہیں، یہ شعور، عزم اور مسلسل خود کو بہتر بنانے کا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکھنے کا عمل عمر کا محتاج نہیںاور اگر انسان کے دل میں جذبہ ہو تو کوئی بھی رکاوٹ، چاہے وہ عمر ہو، مصروفیات ہوں یا وسائل کی کمی کچھ بھی راستہ نہیں روک سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: چناری، میٹرک کے مایوس کن نتائج پر دو بھائیوں نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگادی،تلاش جاری

غلام مرتضیٰ کاظمی کی یہ کامیابی صرف ان کا ذاتی کارنامہ نہیں بلکہ نوجوانوں اور بزرگوں دونوں کیلئے ایک عملی مثال ہے کہ کبھی بھی سیکھنے کیلئے دیر نہیں ہوتی۔

علاقے میں ان کی اس کامیابی کو نہ صرف سراہا جا رہا ہے بلکہ یہ جذبہ نوجوانوں میں نئی امنگ اور بزرگوں میں نیا حوصلہ پیدا کر رہا ہے۔

غلام مرتضیٰ کاظمی نے پیغام دیا ہے کہ اگر نوجوان اگر محنت اور لگن سے کام لیں تو کامیابی ان کے قدم چومے گی۔ میں نے پچاس برس کی عمر میں یہ کر دکھایا، آپ کیوں نہیں؟

یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے بھی میٹرک تعلیم لازمی ہے، یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ غلام مرتضیٰ کاظمی بلدیاتی الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں یا تعلیم سے محبت کے طور پر میٹرک کاامتحان پاس کیا ہے۔

Scroll to Top