فاروق حیدرسے طارق فاروق کی ملاقات،آج اہم پریس کانفرنس کا اعلان

مظفرآباد :سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن چوہدری طارق فاروق نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں جماعتی و تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور آزادکشمیر بھر کی سیاسی صورتحال، حکومتی امور، ملازمین کی ہڑتال سمیت اہم معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔

چوہدری طارق فاروق نے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر موجودہ صورتحال سے لاتعلق نہیں رہ سکتی ، آج بروز جمعرات پریس کانفرنس کے ذریعے موجودہ صورتحال پر ردعمل دیا جائیگا ۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن بنائے گی : راجہ فاروق حیدر کا بڑا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر نظام تباہی کی طرف جارہا ہے یہ صورتحال غیر معمولی ہے ،خطے میں سیاسی نظریاتی اور انتظامی خلفشار عروج پر ہے۔

جماعتی قیادت راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں موجودہ حالات پر جمعرات دن گیارہ بجے مرکزی ایوان صحافت میں اہم پریس کانفرنس کریگی۔

طارق فاروق نے بتایا کہ پریس کانفرنس میں موجودہ صورتحال، ملازمین کی ہڑتالوں اور بدانتظامی کے حوالے سے اہم اعلانات کئے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آزادکشمیرمیں پولیس ملازمین نے ہڑتال کی ہے جس پر ان کے مطالبات منظور کئے گئے ہیں، پولیس اہلکاروں کی ہڑتال کو تمام سیاسی رہنمائوں نے حکومت کی نااہلی قرار دیا ہے۔

Scroll to Top