ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر جہلم ویلی کا ایک اہم جنرل ورکرز اجلاس بروز جمعہ ہٹیاں بالا میں منعقد ہوگا، جس میں مرکزی و ضلعی قیادت سمیت تنظیمی عہدیداران، کارکنان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
اجلاس میں تنظیم سازی، رکنیت سازی، اور جاری احتجاجی تحریک کے اگلے مراحل کیلئے حتمی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی آزادکشمیر کے نائب صدر و امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے کہا کہ آزادکشمیر کا باشعور، تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ اب کرپٹ، موروثی اور اقرباء پرور سیاسی نظام سے مکمل طور پر بیزار ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی میں عوام کے ساتھ شدید ناانصافی ہو رہی ہے، جہاں میرٹ کی مسلسل پامالی، اسکیموں کی بندربانٹ، سفارشی بھرتیاں، بجلی و انٹرنیٹ کی عدم دستیابی اور ظلم و زیادتی کا بازار گرم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہی واحد سیاسی قوت ہے جو ملک و ریاست میں حقیقی اتحاد، استحکام اور انصاف فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے پرجوش اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اجلاس میں شرکت کریں اور ظلم، ناانصافی اور استحصالی نظام کے خلاف متحد ہوکر جمہوری جدوجہد کا حصہ بنیں۔
اجلاس میں نہ صرف موجودہ حالات کا جائزہ لیا جائے گا بلکہ آئندہ انتخابی و احتجاجی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں نوجوانوں کی شرکت اور جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہوتا ہے کہ جہلم ویلی میں ایک نئی سیاسی بیداری کی لہر اٹھ چکی ہے جو نظام کی تبدیلی کی نوید دے رہی ہے
ضلع جہلم ویلی: مون سون انتظامات سے متعلق میڈیا گفتگو سے ڈپٹی کمشنرکا گریز