حکومت پولیس کی موخر ہڑتال کو کامیابی نہ سمجھے، مطالبات فوری پورے کرے،خواجہ فاروق احمد

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے پولیس جیسے ادارے کی جانب سے مسلسل اپنے جائز مطالبات پورے نہ کرنے کے بعد تنگ آمد بجنگ آمد کے تحت ہڑتال کو تو انوار حکومت کی گڈگورننس پر ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیدیا۔

پولیس جیسے ادارے کی جانب سے ہڑتال کرنا ریاست کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے جس کی جتنی بھی حکومت کی لاپرواہی ،ڈنگ ٹپائو پالیسی کی مذمت کی جائے کم ہے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت کا گزشتہ سوا سال میں یہ وطیرہ رہا ہے کہ پہلے مطالبات تسلیم نہیں کرتے پھر جب ہڑتال کا دبائو آتا ہے تو سب مطالبات منظور کرلیتے ہیں،100 جوتے بھی کھاتے ہیں اور 100 پیاز بھی کھاتے ہیں۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ پولیس کے مطالبات انتہائی جائز تھے اور حکومت کے ذمہ داران کو اپنی تنخواہوں مراعات میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو بھی زیر غور لانا چاہیے تھا لیکن وہی پالیسی اختیار کی گئی کہ جب تک یہ لوگ سڑکوں پر نہ آئے،حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی

پولیس کے اعلیٰ آفیسران کو بھی چاہیے تھا کہ وہ حکومت کی توجہ بروقت دلاتے اپنے AC کے کمروں سے باہر نکلتے اور حکومت کو باور کرواتے کہ یہ مطالبات پورے کیے جائیں لیکن ممکن ہے کہ وہ وزیراعظم کے سامنے بے بس ہوگئے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ اس موخر شدہ ہڑتال کو اپنی کامیابی نہ سمجھا جائے پولیس کے جائز مطالبات فوری پورے کیے جائیں اور میں نہ مانوں کی پالیسی ترک کرتے ہوئے ان کے مطالبات پورے کیے جائیں۔

جونیئر کلرک محکمہ تعلیم طاہر بشیر کیخلاف شکایت پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل

Scroll to Top