ضلع مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں گزشتہ رات سے جاری وقفے وقفے کی بارشوں نے مختلف علاقوں میں نقصانات کی کئی اطلاعات کو جنم دیا ہے۔ لینڈسلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور گھروں میں پانی داخل ہونے جیسے واقعات کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ایک معصوم جان بھی ضائع ہو گئی۔
ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) اور ریسکیو 1122 کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق، سماں بانڈی کے علاقے میں بارش کے باعث ایک مکان گرنے سے چار سالہ سائم سجاد ولد محمد سجاد جاں بحق ہو گیا۔ یہ واقعہ اس بارش کے سلسلے کا سب سے افسوسناک اور دلخراش پہلو ہے۔
بیلہ نور شاہ (نزد گرڈ اسٹیشن) میں نالے میں طغیانی کے باعث پانی قریبی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے گھریلو سامان کو جزوی نقصان پہنچا۔ تاہم ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقامی افراد کی مدد سے متاثرین کو بحفاظت نکال لیا۔
ساتھرا پارک کے قریب شدید لینڈسلائیڈنگ کے باعث مرکزی سڑک بند ہو گئی، جبکہ اردگرد کے چھ مکانات کو خطرہ لاحق ہو گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ان گھروں میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
اسی طرح سیٹلائٹ ٹاؤن لنگرپورہ کے علاقے محلہ سادات میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا، جس سے 9 مکانات متاثر ہوئے۔ تاہم، ڈی ڈی ایم اے کے مطابق وہاں کسی جانی یا نمایاں مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دریں اثنا، کامسر اور لوہار گلی میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں کو بحال کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بابوسر ٹاپ پر طوفانی سیلاب: ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 200 سیاح ریسکیو، امدادی کام تیزکر دیا گیا
ڈی ڈی ایم اے مظفرآباد کے مطابق ضلعی انتظامیہ تمام صورتِ حال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے، اور امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔