جہلم ویلی کی سڑکیں خطرناک، ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا!

(کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش جرال نے مون سون بارشوں کے پیش نظر شاہرات اور دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے محکمہ شاہرات، محکمہ برقیات اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری سمیت تمام وسائل تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

محترمہ بینش جرال نے کہا کہ مون سون بارشوں کے باعث جہلم ویلی کی سڑکوں پر لینڈ سلائیڈنگ معمول کی بات ہے، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چکار، چناری، چکوٹھی، ریشیاں، لمنیاں اور لیپہ ویلی میں شدید بارش کے باعث سڑکیں ٹریفک کے لیے خطرناک ہو چکی ہیں، لہٰذا ٹرانسپورٹرز احتیاط برتیں اور موسم بہتر ہونے تک غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے سیاحوں کو بھی دوران بارش سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بلدیاتی اہلکاروں کو متوقع بارش کے دوران ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا کہا ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ دریا اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈھاکہ میں ایئر فورس طیارہ اسکول پر گرنے سے 20 افراد جاں بحق، 170 سے زائد زخمی

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی فعال رکھا جائے تاکہ بارش کے پانی کا نکاس ممکن بنایا جا سکے۔

Scroll to Top