مظفرآباد:آزاد کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے شہر کے مختلف حصوں میں قائم ڈیری شاپس، برگر پوائنٹس و ہوٹل وغیرہ پر استعمال ہونے والے دودھ، دہی، و پتی وغیرہ کا موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کےذریعے معائنہ کیا۔
فوڈ اتھارٹی ایکٹ و پیورفوڈ ریگولیشن کی خلاف ورزی پر ایک ہوٹل سیل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی جانب سے اپر چھتر، لوئر چھتر، دومیل اور اپر اڈہ کے میں قائم ہوٹلز، برگر شاپس، دودھ دہی کی دکانوں اور بیکریوں پر اشیائے خورونوش کی کوالٹی کا معائنہ کیا گیا ۔
موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی مدد سے دودھ،خوردنی آئل،پانی کے نمونے جات حاصل کر کے ٹیسٹنگ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈاتھارٹی مظفرآباد ان ایکشن، غیرمعیاری دودھ فروخت کرنیوالوں کے گرد گھیرا تنگ، 3 دکانیں سیل
لیبارٹری تجزیے کا مقصد اشیائے خوردونوش کے معیار کا جائزہ لینا اور مضر صحت اجزاء کی نشاندہی کرنا تھا تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔
معائنہ کے دوران ناقص صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک ہوٹل کو سیل کر دیا گیا، جبکہ متعدد کاروباری حضرات کو فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی پاداش میں جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کئے گئے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرارمیر نے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق غذا کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈاتھارٹی کا جہلم ویلی میں کریک ڈائون،غیر معیاری اشیاء ضبط ، بھاری جرمانے
فوڈ اتھارٹی سے رجسٹرڈ اشیائے خوردونوش تاجران فروخت کریں۔غیر رجسٹرڈ مضر صحت اشیاء ،ناقص صفائی ستھرائی کے انتظامات پر فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ملاوٹ شدہ اشیاء کی روک تھام اور معیار کی جانچ کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل سے جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مضر صحت،غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیاء کی فروخت کرنے والے تاجروںکیخلاف شہری فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر کال کریں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔