وادی نیلم: وادی نیلم کے سیاحتی مقام وادی گریس کے علاقے جانوائی میں شدید بارشوں کے دوران کلائوڈ برسٹ کے باعث جندراں والا ناڑ میں طغیانی سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔
سیلاب کے نتیجے میں چارڈھوکوں کا رابطہ پل، متعدد پن چکیاں، تین موٹرسائیکلیں، چار دکانیں، سبزی شاپ، میڈیکل سٹور، کلینک، اور 50KV بجلی گھر کی لائن سیلابی ریلے میں بہہ گئی ۔
سیلابی ریلہ سے دو مکان مکمل جبکہ دو جزوی طور پر تباہ ہوئے اور مقامی بجلی گھر کو بھی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: کہوٹہ آزاد پتن روڈلینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند،آزادکشمیر کےسیکڑوں مسافر پھنس گئے
ایس ڈی ایم اے کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم فوری اطلاع ملتے ہی پولیس چوکی جانوائی، ریسکیو ادارے اور مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام اور مال مویشیوں کو نالے کے قریب جانے سے روک کر بڑے نقصان سے بچا لیا۔
متعلقہ اداروں نے مقامی افراد اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے موسم میں ندی نالوں، پہاڑی راستوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیںاور سفر سے قبل موسم کی صورتحال ضرور معلوم کریں۔